کوچ اڈے کے تنازعے پرفائرنگ، امن کمیٹی کے سابق سربراہ جاں بحق

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

سب ڈویژن جنڈولہ میں کوچ اڈے کے تنازعے پر فائرنگ کے نتیجے میں امن کمیٹی کے سابق سربراہ ترکستان بیٹنی جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔

مقامی ذرائع کے مطابق فریق اول ترکستان بیٹنی اور فریق دوم نصر اللہ کے درمیان کوچ اڈہ پر تنازعہ چلا آرہا ہے اور آج فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ترکستان بیٹنی نے باقی افراد کے ہمراہ ٹنل میں ایک گاڑی کو روکا جس کے بعد دونوں گروپوں میں لڑائی ہوئی۔

مقامی ذرائع نے بتایا کہ لڑائی کے بعد نصر اللہ نے مخالف گروپ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ترکستان بیٹنی موقع پر جاں بحق جبکہ ان کا بھتیجا احمد گل، بیٹا محمد، گن مین گل عالم عرف گلک اور فواد نامی شخص زخمی ہوگئے۔

فائرنگ سے مقامی افراد میں خوف وہراس پھیل گیا ہے جبکہ زخمیوں کو ٹانک ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کوچ اڈہ نصر اللہ کی ملکیت ہے۔