خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی لیاقت خٹک نے ضلع خیبر میں نئے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیز رفتار عمل درآمد پروگرام کے تحت مختلف سکیموں کے لئے 41 ارب روپے مختص کردیے گئے ہیں۔
یہ اعلان صوبائی وزیر نے ضلع خیبر کے دورہ کے موقع پر کیا، اس موقع پر رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی، رکن صوبائی اسمبلی شفیق آفریدی کے علاوہ سیکرٹری آبپاشی داؤد خان، چیف انجینئر صاحبزادہ شبیر، ڈائریکٹر جنرل سمال ڈیمز مجاہد سعید ، ڈائریکٹر آبپاشی برائے ضم شدہ اضلاع جاوید اقبال اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
وزیر آبپاشی لیاقت خٹک کو رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی اور رکن صوبائی اسمبلی شفیق آفریدی نے اہل علاقہ کے آبپاشی سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی درخواست کی۔
دریں اثناء صوبائی وزیر نے ضلع میں آبپاشی کے میگا منصوبے شروع کرنے کا اعلان کیا جن میں باڑہ ڈیم کی تعمیر جس کی تخمینہ لاگت 30 ارب روپے، جبہ ڈیم کی تخمینہ لاگت 10 ارب روپے اور باڑہ ریور کنال کی ری ماڈلنگ شامل ہے جس کی تخمینہ لاگت 1 ارب روپے ہے۔