پاراچنار کے شعراء اور صحافیوں نے معروف پشتو شاعر افگار بخاری کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے قاتلوں کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کردیا۔
پاراچنار پریس کلب میں ایک تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں سپین غر ادبی ٹولنہ کے شعرا اور صحافیوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں لکی مروت میں دہشت گردوں کے ہاتھوں پشتو کے نامور شاعر افگار بخاری کے قتل کی شدید مذمت کی گئی۔
اس موقع پر خطاب میں پروفیسر جمیل کاظمی ، صابر بنگش ، عارف جان ، فخری بنگش ، یوسف گیلہ من اور دیگر نے کہا کہ افگار بخاری پشتو ادب کے ایک عظیم اثاثہ تھے اور ان کے قتل سے پشتو ادب کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افگار بخاری ایک ہمہ جہت شخصیت تھے اور انہوں نے ہمیشہ انسانیت اور دوستی کی بات کی۔ انہوں نے حکومت سے افگار بخاری کے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور انہیں قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
اجلاس کے آخر میں افگار بخاری کے ایصالِ ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا گیا۔