جنوبی وزیرستان، کڑمہ سپورٹس سٹیڈیم کا افتتاح

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

جنوبی وزیرستان میں کامیاب فوجی آپریشن کے بعد تحصیل لدھا گاؤں کڑمہ میں ایف سی ہیڈ کوارٹر، 55 بریگیڈ اور مقامی جرنلسٹوں کے باہمی تعاون سے سات ملین روپے مالیت کے کڑمہ سپورٹس سٹیڈیم کا افتتاح کر لیا گیا۔

آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل اظہر اقبال عباسی نے سٹیڈیم کا باقاعدہ افتتاح کر لیا۔

واضح رہے کہ دہشت اور خوف کی علامت سمجھا جائے والا تحصیل لدھا گاؤں کڑمہ میں گزشتہ تین سالوں سے تاریخی امن کے قیام کے بعد کڑمہ سپورٹس سٹیڈیم میں گزشتہ کئی سالوں سے حکومتی امداد کے بغیر علاقے کے نوجوان اور مشران ہر سال کرکٹ ٹورنمنٹ منعقد کرتے تھے مگر دہشت گردی کی لہر نے 2005 سے 2017 تک کڑمہ سپورٹس سٹیڈیم کو ویران کر دیا تھا۔

امسال پاک فوج اور علاقے کے نوجوانوں کی کوششوں سے کڑمہ سپورٹس گراؤنڈ عملی طور پرسپورٹس سٹیڈیم کی شکل میں تبدیل ہوا اور علاقائی ٹیلنٹ کو گھر کی دہلیز پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا سنہری موقع مل گیا۔

علاقائی مشران کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بنائے گئے کڑمہ سپورٹس سٹیڈیم سے علاقے میں پائیدار امن کے فروغ کے ساتھ ساتھ دنیا کو امن کا پیغام بھی جائے گا۔

علاقے کے نوجوانوں اور مشران کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی مدد سے سٹیڈیم بنا دیا گیا ہے جس سے مقامی سطح پر ٹیلینٹ سامنے آئے گا، حکومت کو چاہیے کہ کڑمہ سپورٹس سٹیڈیم کو مزید جدید بنانے کے لیے فوری طور پر فنڈز جاری کرے تاکہ وزیرستان کے ہونہار بچے گھر کی دہلیز پر ملک وقوم کا نام روشن کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔