خیبرپختونخوا حکومت کا سبزیوں اور پھلوں کی آن لائن فروخت کا منصوبہ

خیبرپختونخوا حکومت نے پھلوں اور سبزیوں کی آن لائن فروخت کیلئے ایک منفرد منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس کیلئے موبائل ایپ بھی تیار کرلیا گیا ہے اور اس کا افتتاح عنقریب کردیا جائے گا۔

ابتدائی طور پر اس ایپ سے پشاور، مردان، ایبٹ آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان کے شہری مستفید ہوسکیں گے جسے بعد ازاں دیگر اضلاع تک وسعت دی جائے گی۔

خیبرپختونخوا حکومت نے مہنگائی کی روک تھام کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈپارٹمنٹ کے تعائون سے آن لائن خریداری کا منصوبہ بنایا ہے جس کا مقصد صارفین کو گھر کی دہلیز پر سرکاری نرخوں پر پھل اور سبزیاں فراہم کرنا ہے۔ رواں ماہ آن لائن سبزی اور پھلوں کی فروخت کیلئے ٹینڈر بھی جاری کردیا جائے گا۔

صوبائی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے آن لائن سبزی ایپ لانچ کرنے کے بعد خودساختہ مہنگائی کی روک تھام ممکن ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ بھی ہوگیا ہے کہ وہ سرکاری نرخوں پر منڈیوں سے سبزیاں اور پھل صارفین کے گھروں پرپہنچائیں گے۔