متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کرنے کی یقین دہانی

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کو سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی حاصل ہو گئی، متحدہ عرب امارات کے صدر نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرا دی۔

وزیراعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی ابوظہبی میں ملاقات ہوئی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال بھی ملاقات میں موجود تھے، وزیردفاع خواجہ آصف اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِ اعظم کے ساتھ تھے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یواے ای کے صدر سے شیخ طحنون بن محمد النہیان اور شیخ حزہ بن سلطان النہیان کی وفات پر تعزیت کی، ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات بشمول سیاسی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں تعاون پر گفتگو کی گئی۔

شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ شراکت داری بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ متحدہ عرب امارات نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔