سانحۂ 9 مئی کے ذمے داروں کیساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، افواجِ پاکستان

پاکستان کی مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے سانحۂ 9 مئی (یوم سیاہ) پر ہونے والی مجرمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے ذریعے افواجِ پاکستان نے سانحۂ 9 مئی کے یومِ سیاہ کے حوالے سے واضح مؤقف پیش کیا ہے۔ افواجِ پاکستان کا کہنا ہے کہ ہماری قومی تاریخ کے اس سیاہ دن، سیاسی طور پر محرک اور برین واشڈ شرپسندوں نے ایک بغاوت کی اور جان بوجھ کر ریاستی اداروں کے خلاف تشدد کا سہارا لیا، ان شرپسند عناصر نے جان بوجھ کر ریاست کی مقدس علامتوں اور قومی ورثے سے تعلق رکھنے والے مقامات کی توڑ پھوڑ کی، جس کا مقصد ملک میں خود ساختہ اور تنگ نظر انقلاب لانے کی ناکام کوشش تھی۔

اعلامیے میں افواجِ پاکستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تخریب کاروں اور ان کے سرغناؤں کے ساتھ ساتھ ان کے منصوبہ سازوں کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنایا، ان شرپسند عناصر کا بنیادی مقصد افراتفری پھیلا کر عوام اور مسلح افواج کے درمیان تصادم کو ہوا دے کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنا تھا۔ افواجِ پاکستان نے کہا ہے کہ قومی ہم آہنگی اور استحکام کو نقصان پہنچانے میں ناکام ہونے کے بعد، اس سازش کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور کرنے والوں نے مسلح افواج اور ریاست کے خلاف نفرت کی ایک مذموم مہم شروع کی، ان شرپسند عناصر نے بیانیے کو توڑ مروڑ کر شرمناک طریقے سے خود کو بری الذمہ قرار دینے اور الزام ریاستی اداروں پر ڈالنے کی بھی کوشش کی۔

اعلامیے میں افواجِ پاکستان کا کہنا ہے کہ انہی وجوہات کی بنا پر 9 مئی کے سانحے کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور کرنے والوں کے ساتھ نہ تو کوئی سمجھوتہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی انہیں قانون کی دھجیاں اڑانے کی اجازت دی جائے گی، 9 مئی کے اصل مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مستقبل میں کوئی بھی ہمارے ہیروز کی یادوں اور ہمارے اتحاد کی علامتوں کی اسی طرح کے غلط طرزِ عمل کے ذریعے بے حرمتی کرنے کی جرأت نہ کرے۔

افواجِ پاکستان کا اعلامیے میں کہنا ہے کہ آج کے دن پاکستان کی مسلح افواج پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرنے اور پاکستان کے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے اپنے عزم کی تجدید کرتی ہیں، ہمارے شہداء اور ان کے خاندان پاکستان کا فخر ہیں، پاکستان کی مسلح افواج اپنے وقار اور عزت کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کا عہد کرتی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج کا پاکستانی عوام کے ساتھ بہت خاص رشتہ ہے۔ جاری کیے گئے اعلامیے میں افواجِ پاکستان نے عزم کا اظہار کیا کہ آیئے! آج پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشوں کی پُرزور مذمت کرنے اور اپنے پیارے ملک کی خوش حالی اور استحکام کے لیے مل کر کام کریں، پاکستان کی مسلح افواج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔