باجوڑ میں برساتی نالے میں پھنسی خاتون بچا لیا جبکہ کرم میں کوئلے کی کان میں دھماکہ

باجوڑ میں خاتون نے بیک وقت چار بچوں کو جنم دے دیا۔ جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے کے مصداق خاتون طوفانی برساتی نالے سے گزر کر اسپتال پہنچیں جہاں ان کے ہاں 4 بچوں کی پیدائش ہوئی۔

آج صبح ریسکیو 1122 باجوڑ نے بتایا کہ سمسئی خوڑ نزد رشکئی تحصیل خار میں ایک فیلڈر کار جس میں افراد 6 سوار تھے گہرے سیلابی ریلے میں پھنس گئی تھی۔

کنٹرول روم کو اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 باجوڑ کی میڈیکل، ڈیزاسٹر اور ریکوری ٹیمیں فورا موقع پر پہنچیں۔

امدادی ٹیم نے فیلڈر کار کو پیشہ ورانہ طریقے سے نالے سے نکالا اور کار میں موجود بیمار عورت کو میڈیکل ٹیم نے فرسٹ ایڈ فراہم کرکے ڈسٹرکٹ اسپتال خار منتقل کیا جہاں شام کو ان کے ہاں بچوں کی پیدائش ہوئی۔

دسرے جانب وسطی کرم کے علاقہ علی شیر زنی میں کوئلے کی کان میں دھماکے سے ایک مزدور جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق کوئلے کی کان میں دھماکہ سے 6 افراد ملبے تلے دب گئے۔ امدادی کارروائی کے دوران ایک مزدور کی لاش اور 4 کو زندہ نکال لیا گیا جبکہ ایک مزدور کی تلاش جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر ضلع کرم جاوید اللہ محسود کا کہنا ہے کہ زخمی ہونیوالے مزدوروں کو ہنگو ہسپتال منتقل کردیا گیا، فوری طور دھماکے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی تحقیقات کر رہے ہیں۔