قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہو گا، 19 نکاتی ایجنڈا جاری

قومی اسمبلی کا اہم اجلاس آج ہو گا، سپیکر سردار ایاز صادق اجلاس کی صدارت کریں گے، اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کا 19 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا۔ آج ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس 2007ء میں ترامیم کا فیصلہ کر لیا گیا، رولز آف بزنس میں رائٹ ٹو پٹیشن کے نام سے نیا رول شامل کرنے کی تحریک پیش کی جائے گی، رولز کی منظوری کی تحریک ڈاکٹر نفیسہ شاہ پیش کریں گی۔ رول کے مطابق کوئی بھی شہری یا شہریوں کا گروہ سپیکر قومی اسمبلی کے نام پٹیشن دائر کر سکے گا۔ ایوان کی پبلک پٹیشن کمیٹی دائرکی گئی پٹیشن کا جائزہ لے گی۔ دائر کی گئی پٹیشن کی جانچ کیلئے ایوان کی پبلک پٹیشن کمیٹی سماعت کرے گی۔ کمیٹی پٹیشن کی حتمی سماعت کے بعد پارلیمنٹ کو رپورٹ پیش کرے گی۔

قومی اسمبلی اجلاس میں ڈاکٹر نفیسہ شاہ آئین کے آرٹیکل 25 میں ترمیم کا آئینی ترمیمی بل جبکہ سحر کامران چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ترمیمی بل 2024ء ایوان میں پیش کریں گی، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی 2023ء بل منظوری کیلئے ایوان میں پیش کیا جائے گا۔ مانسہرہ میں مہاجرین کیلئے پروٹیکٹوریٹ آفس قائم کرنے کی قرارداد ایوان میں پیش کی جائے گی۔ حکومتی اور نجی سیکٹر میں متعین کردہ کم سے کم تنخواہ کی ادائیگی کی قرارداد ایوان میں پیش کی جائے گی، ملک کی مجموعی معاشی صورتحال پر بحث کی تحریک ایوان میں پیش کی جائے گی۔ بلوچستان میں اقدامات کے ذریعے اعلیٰ تعلیم کے فروغ پر بحث کی تحریک ایوان میں پیش کی جائے گی۔ بھارت کی جانب سے پاکستان کیخلاف آبی جارحیت پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا جائے گا۔ کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کے معاملے پر توجہ دلاؤ نوٹس ایوان میں پیش ہو گا۔