صوابی میں خواتین کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

صوابی کی تاريخ ميں پہلی بار خواتین کے ليے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر ثناء حفيظ اور ايڈيشنل اسسٹنٹ کمشنر عظمی مکرم نے آر ایچ سی کھنڈہ تحصیل لاہور میں ضلع بھر کی خواتین کیلئے خصوصی طور پر ایک کھلی کچہری کا انتظام کیا جس میں لائن ڈیپارٹمنٹس میں سے صرف خواتین افسران کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

اس خصوصی کھلی کچہری میں سپرنٹنڈنٹ ادارہ برائے نابینا افراد سوشل ویلفئیر صوابی، ڈپٹی ڈی ای او ایجوکشن (خواتین)، ایس ڈی ای او ایجوکیشن، ڈی ایم او، آر ٹی ایس صوابی اور دو فیمیل ڈاکٹرز نے شرکت کی۔

ضلع بھر کے دور دراز علاقوں سے 180 سے زائد خواتین نے اس تقریب میں شرکت کی۔ قرعہ اندازی کے تحت بیواؤں میں 09 عدد سلائی مشنیں اور 27 رضائیاں تقسیم کی گئیں۔

اسکے علاوہ خواتین نے اپنے مختلف مسائل پیش کئے جن کے حل کیلئے موقع پر موجود افسران کو ہدایات دی گئیں۔ ضلع صوابی کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کیلئے مخصوص کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جسے بہت پذیرائی ملی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل اسسٹنٹ کمشنر مردان گل بانو نے مردان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا تھا س میں خواتین نے محکمہ تعلیم، ٹی ایم اے مردان، محکمہ صحت اور دیگر محکموں کے بارے میں شکایات کے انبار لگا دیے تھے۔

مردان کے بعد نوشہرہ میں بھی خواتین کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا تھا س میں ضلعی محکمہ جات کے افسران سمیت دیگر محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر خواتین نے سکولوں میں صفائی / خالہ کی پوسٹ تخلیق کرنے، گیس کا مسئلہ، صحت کی سہولیات اور دوائیوں کی عدم دستیابی، کرائے کے سکولوں کے لئے عمارتیں، دیہات میں صفائی ستھرائی کے مسئلے کے علاوہ دیگر محکموں کے بارے میں شکایات پیش کیں۔