سوشل میڈیا کو بے مہار نہیں ہونا چاہیئے، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق سخت قوانین کی حمایت کردی ہے۔ لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ برطانیہ ہو یا عرب امارات، جھوٹی ویڈیو شیئر کرنیوالوں کیساتھ جو سلوک ہوتا ہے، وہ سب کو معلوم ہے۔

پاکستان میں آزادی اظہار رائے ہونی چاہیے، لیکن ایسا قانون بھی ہونا چاہیے کہ کوئی جھوٹا الزام لگائے تو اس کو پکڑا جا سکے۔

کراچی میں سٹریٹ کرائم پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ٹھیک ہے جرائم ہو رہے ہیں، لیکن یہ بھی دیکھیں کہ وہاں پولیس روزانہ کی بنیاد پر مقابلے کر رہی ہے۔

بہاولنگر واقعے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ لڑائی تو گھر میں بھائیوں میں بھی ہو جاتی ہے، ایک واقعے کو بنیاد بنا کر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ پوری فورس ڈی مورالائز ہوگئی، ہم نے واقعے کو زیادہ بڑھا دیا ہے، بھارت میں بھی ایسا واقعہ ہوا ہے لیکن وہاں کا رویہ دیکھیں اور اپنا طرز عمل دیکھیں، ہمیں ان سے سبق سیکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو بے مہار نہیں ہونا چاہیئے، اس کیلئے حدود وقیود کا تعین کرنا وقت کی ضرورت بن چکا ہے۔