امریکا کا پاکستان کو ایران گیس لائن معاہدے سے باز رہنے کا مشورہ

امریکا نے ایک بار پھر پاکستان کو ایران سے گیس پائپ لائن سمیت کسی بھی معاہدے سے دور رہنے کا کہہ دیا۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیوملر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایران کیساتھ کسی بھی معاہدے سے باز رہنے کا مشورہ دیتے ہیں.

امریکا، پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کےحق میں نہیں ہے اور ایران کیساتھ کاروبار سے ہماری پابندیوں میں آنے کا خطرہ ہے۔

ترجمان نے پاکستان میں چینی انجینئرز پر دہشت گردوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پاکستان میں جانی نقصان پر دکھ ہوا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے ہاتھوں پاکستانی عوام کو بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے، حملے سے متاثر ہونے والوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چین کے شہری بھی دہشت گردی کے حملوں کا شکار ہوئے، کسی بھی ملک کو دہشت گردی کی کارروائیوں کا شکار نہیں ہونا چاہیئے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ سے پاکستان میں ججز کےخط پر سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں نے ججز کا خط دیکھا ہے لیکن ابھی اس پر مشاورت کا موقع نہیں ملا۔