خوراک میں ملاوٹ کی حوصلہ شکنی کیلئے جمعہ کے خطبات میں ذکر کا فیصلہ

خوراک میں ملاوٹ اور جعلسازی گناہ کبیرہ ہے، اس سے آگاہی ممبر و محراب سے پھیلانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

پنجاب بھر کی تمام مساجد میں ہر ماہ ایک جمعے کا خطبہ خوراک میں ملاوٹ کے موضوع پر دیا جائے گا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے تمام مکاتبِ فکر کے جید علماء اور محکمہ اوقاف کے عہدیداران سے تفصیلی ملاقات کی ہے۔

انہوں نے جید علماء اور محکمہ اوقاف کے عہدیداران سے تفصیلی ملاقات میں قرآن و حدیث کی روشنی میں خوراک میں ملاوٹ سنگین جرم کا عوام کو درس دینے کی سفارش کی۔ رمضان المبارک میں ملاوٹ پر درس و تدریس، خطبات میں اسلامی قوانین کے بارے میں آگاہی دی جائے گی۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ جمعتہ المبارک اور عید کے خطبات میں ملاوٹ کرنے پر سزا و جزا کے بارے آگاہ کیا جائے گا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی صحت دشمن عناصر کے تمام حربوں کے حوالے سے علماء کو آگاہ کرے گی۔

اس کے علاوہ منبر و محراب سے آگاہی اور تربیت سے ملاوٹ اور جعلسازی کے خاتمے میں مدد ملے گی اور دین کی ترغیب کیساتھ معاشرے کو درپیش مسائل کے حل میں علما کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

خطیب مسجد داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں ہر ماہ ایک جمعے کا خطبہ خوراک اور ملاوٹ کے موضوع پر ہو گا اور معاشرے کی اصلاح کی ذمہ داری ہماری ہے، پنجاب میں مل کر ملاوٹ کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔