کیڈٹ کالج ضلع مہمندمیں اپریل 2020سے کلاسز کا اجراء

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کیڈٹ کالج مامدگٹ ضلع مہمند میں آئندہ اپریل (2020) سے کلاسز کا اجراء یقینی بنانے اور اس مقصد کے لئے محکمہ خزانہ کو پہلے سے مختص لاگت سے درکار وسائل جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے طلباء کے لئے کوٹہ کے تحت ضم اضلاع مہمند اور باجوڑ کے لئے فی کلاس بیس بیس، جبکہ ضلع خیبرکے لئے دس سیٹیں فی کلاس مختص کرنے کی ہدایت بھی کی جبکہ کوٹہ کے تحت شہداء کے وارڈز کیلئے دس سیٹیں جبکہ پورے پاکستان سے اوپن میرٹ کے لئے فی کلاس بیس سیٹوں کی تخصیص سے بھی اتفاق کیا ہے۔

دریں اثناء انہوں نے کیڈٹ کالج سوات کو کارکردگی مزید بہتر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سالانہ بنیادوں پرکیڈٹس کی تعدادمیں اضافے کی شرح بڑھانے کی منظوری دی جس کے مطابق کالج اگلے تین سالوں کے لیے 100 کے بجائے 120نئے کیڈٹس شامل کر سکے گا۔

وزیراعلیٰ نے شہداء کے لئے دو خصوصی سیٹوں کو سیلف فنانس سے نکال کر اوپن میرٹ میں ڈالنے کی ہدایت کی تاکہ شہداء کے خاندانو ں کو سہولت دی جاسکے۔

انہوں نے کالج کے لئے تجویز کئے گئے فیس سٹرکچر سے بھی اتفاق کیا جس کے مطابق قبائلی اضلاع مہمند اور باجوڑ کے طلبہ کو پہلے تین سالوں کے لئے تعلیم مفت دی جائے گی اور اس کے بعد اگلے دو سالوں کے لئے مجموعی فیس کا صرف پچیس فیصد، چھٹے اور ساتویں سال پچاس فیصد، آٹھویں اور نویں سال کے دوران 75 فیصد اور اس کے بعد پوری فیس وصول کرنے کی تجویز دی گئی تاہم اوپن میرٹ کے لئے ابھی سے سو فیصد فیس لی جائے گی جبکہ شہداء کے وارڈز کے لئے تعلیم مفت ہو گی۔