خیبر پختونخوا کے نو منتخب اراکین اسمبلی 28 فروری کو حلف اٹھائیں گے

خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس 28 فروری کو طلب کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے نگران وزیراعلیٰ کی جانب سے موصول سمری پر دستخط کردیے۔ گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ اسلام آباد میں تھا، گورنر ہاؤس پہنچتے ہی وقت ضائع کیے بغیر سمری پر دستخط کردیئے۔

28 فروری کو 11 بجے نو منتخب اراکین صوبائی اسمبلی اجلاس میں حلف اٹھائیں گے۔ دسرے جانب پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ مریم نواز نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری کی تقریب گورنر ہاوس پنجاب میں ہوئی، گورنر بلیغ الرحمان نے مریم نواز شریف سے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف لیا۔

اس موقع پر نواز شریف اور شہبازشریف نو منتخب وزیراعلیٰ مریم نواز کے ہمراہ سٹیج پر موجود رہے۔ تقریب حلف برداری میں ن لیگی رہنماوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شہباز شریف، مریم نواز کا ہاتھ تھام کر انہیں سٹیج پر لائے جبکہ نواز شریف نے نشست سے کھڑے ہو کر بیٹی کا استقبال کیا اور پھر ایک ساتھ کرسی پر براجمان ہوئے۔

حلف برداری کی تقریب میں سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی اور نجم سیٹھی سمیت دیگر صحافیوں نے بھی شرکت کی۔

قبل ازیں پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر ملک احمد خان کی زیر صدارت ہوا، جس دوران مریم نواز 220 ووٹ لے کر وزیراعلیٰ منتخب ہوئیں.

اس موقع پر سنی اتحاد کونسل نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا اور احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے باہر چلے گئے۔

سپیکر کی ہدایت پر چار رکنی کمیٹی انہیں منا کر واپس لائی لیکن کچھ دیر کے بعد وہ پھر ایوان سے نکل گئے جس پر سپیکر نے سنی اتحاد کے اراکین کے بغیر ہی پنجاب کے وزیراعلیٰ کا انتخاب کروایا۔