عوام کو ایک اور شدید جھٹکا، بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 7 روپے 5 پیسے اضافہ

حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کو ایک اور شدید جھٹکا، فی یونٹ قیمت میں 7 روپے 5 پیسے اضافہ کر دیا گیا۔

نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا، قیمتوں میں اضافے سے صارفین پر 66 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمتوں کے اضافے کا اطلاق رواں ماہ کے بلوں پر ہوگا، لائف لائن سمیت کے الیکٹرک صارفین پر اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق صرف ایک ماہ کیلئے ہوگا۔

ذرائع کے مطابق جنوری میں سب سے مہنگی بجلی ڈیزل سے 45 روپے 60 پیسے فی یونٹ، فرنس آئل سے 35 روپے 43 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی۔ واضح رہے کہ بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ جنوری کی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔