تربیتی مشن پر مامور 4 اماراتی اور ایک بحرینی فوجی کی ہلاکت پر پاکستان کا اظہار مذمت

پاکستانی دفتر خارجہ نے صومالیہ میں فوجی اڈے پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق موغادیشو میں فوجی اڈے پر دہشت گرد حملے کی پاکستان شدید مذمت کرتا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ حملے میں متحدہ عرب امارات اور صومالیہ کے زیرتربیت فوجیوں کو نشانہ بنایاگیا، حملے سے متاثرہ افراد کی فیملیز اور ان کی حکومتوں سے اظہار افسوس کرتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔

ترجمان کے مطابق پاکستان دہشت گردی کواس کی تمام اشکال میں مسترد کرتا ہے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صومالی حکومت کے ساتھ کھڑا ہے۔

خیال رہے کہ موغادیشو میں دہشت گرد حملے میں صومالی فوجیوں کے تربیتی مشن پر مامور 4 اماراتی اور ایک بحرینی فوجی جاں بحق ہوا ہے۔

حملے کی ذمےداری شدت پسند تنظیم الشباب نےقبول کی ہے۔