آرمی چیف کا پاکستان آرڈیننس فیکٹریز واہ کا دورہ، دفاعی مصنوعات کا مشاہدہ کیا

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان آرڈیننس فیکٹریز (پی او ایف) واہ کا دورہ کیا اور  مصنوعات کا مشاہدہ کیا جن میں ٹیسٹ اور ٹرائلز کے تحت مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کردہ نئے ہتھیار اور بارود شامل ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان آرڈیننس فیکٹریز واہ کا دورہ کیا جہاں انہیں پی او ایف کی پیداواری صلاحیتوں، مسلح افواج کی دفاعی ضروریات کو پورا کرنے میں کردار اور تعاون سمیت برآمدی صلاحیت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف نے پی او ایف مصنوعات کا مشاہدہ بھی کیا جس میں ٹیسٹ اور ٹرائلز کے تحت مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کردہ نئے ہتھیار اور بارود بھی شامل ہیں۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پی او ایف افسران اور عملے سے خطاب کرتے ہوئے دفاعی پیداواری ادارے کو پاکستان کی اہم دفاعی صنعت بنا کر ملکی سلامتی اور معیشت میں ان کے کردار کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ پی او ایف جیسی مقامی صنعتوں کی ترقی سے قومی ترقی کا راستہ متعین ہوتا ہے، خود انحصاری اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول کیلئے اقدامات اور کوششیں جاری رکھیں گے تاکہ پاکستان کے دفاع کو مضبوط اور یقینی بنایا جاسکے۔

قبل ازیں آمد پر چیئرمین پی او ایف واہ نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔