باجوڑ پبلک لائبریری 11 سال بعد کھول دی گئی

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

ڈپٹی کمشنر باجوڑ عثمان محسود نے فیتہ کاٹ کر پبلک لائبریری کی فعالیت کا باضابطہ افتتاح کیا، اسسٹنٹ کمشنر خار انورالحق اور پبلک لائبریری کے انچارج عبدالواجد سمیت دیگر سماجی شخصیات اور یوتھ کے نمائندے بھی موجود تھے۔

اس موقع پر سینئر صحافی زاہد جان نے ڈی سی باجوڑ کو پبلک لائبریری کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ باجوڑ پریس کلب کے صدر حسبان اللہ کے تعاون سے لائبریری کو کتابیں فراہم کی گئی ہیں اور آئندہ بھی ڈونیٹ کریں گے۔

اپنے خطاب میں ڈی سی عثمان محسود نے صدر باجوڑ پریس کلب سے مطالبہ کیا کہ لائبریری کیلئے روزانہ کی بنیاد پر اخبارات کا بھی بندوبست کریں تاکہ یہ لائبریری فعال ہوسکے جس پر پریس کلب کے صدر حسبان اللہ نے پبلک لائبریری کیلئے روزانہ کی بنیاد پر تین اخبارات بھیجنے کا اعلان کیا۔

ڈپٹی کمشنر عثمان محسود نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بھی پبلک لائبریری کو مزید کتب فراہم کرے گی۔

یاد رہے کہ 29 نومبر کو ٹی این این کے ساتھ گفتگو میں سب ڈویژن خار کے اسسٹنٹ کمشنر انوار الحق نے بتایا تھا کہ باجوڑ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ ان کے لیے یہ لائبریری کھول دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے مطالبے پر انہوں نے لائبریری کے کئی وزٹ کئے لیکن یہاں سٹاف کی کمی کے باعث یہ لائبریری بند تھی، سٹاف کی کمی کے ساتھ ساتھ لائبریری فعال نہ ہونے کی اور بھی وجوہات تھیں تاہم اب ڈی سی اور ضلعی انتظامیہ کی مدد سے وہ اس لائبریری کو عوام کے لیے کھول رہے ہیں۔