شمالی وزیرستان میں فورسز کی کارروائی، خودکش بمبار سمیت 4 دہشتگرد ہلاک

خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں خودکش بمبار سمیت 4 دہشتگرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ آپریشن کے دوران فوج اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک خودکش بمبار سمیت 4 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم رہے اور دہشتگرد ہائی پروفائل دہشتگرد حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔