لوئر دیر میں 63 سالہ شخص نے پرائمری اسکول میں داخلہ لے لیا

علم  حاصل کرنے کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی اور  اس قول کی زندہ مثال بنے ہیں لوئر دیر کے63 سالہ دلاور خان جنہوں نے پرائمری اسکول میں داخلہ لے لیا ہے۔

63 سالہ طالب علم دلاور خان لوئر دیر کے علاقے خونگی کے رہائشی ہیں جو غربت سے بھری مشکل زندگی اور  خاندان کی کفالت کی ذمہ داریوں  کے باعث  بچپن میں اسکول نہ جاسکے تاہم وہ اپنا یہ شوق اب پورا کر رہے ہیں۔

دلاور خان نے پڑھنے کے لیے پرائمری اسکول میں داخلہ لیا ہے اور اب وہ اپنے ننھے دوستوں کے ساتھ روز صبح سویرے اسکول جاتے ہیں۔

دلاور خان کا کہنا ہے کہ  وہ دین کو بہتر انداز  میں سمجھنے اور  اسلام کی تبلیغ کے لیے علم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

اسکول کے اساتذہ اور ساتھی طلبا بھی دلاور خان کے جذبہ شوق سے بہت متاثر ہیں۔