نگران حکومت کی تین ماہ میں پیٹرول کی قیمت میں 64 روپے سے زائد کمی ریکارڈ

نگران حکومت نے گزشتہ 3 ماہ کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 64.04 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 52.99 روپے فی لیٹر کمی کی ہے۔

وزارت توانائی و پیٹرولیم کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں ایکس ڈپو پر پیٹرول کی قیمت 331 روپے 38 پیسے فی لیٹر تھی اور اب رواں ماہ میں قیمت کم ہو کر 267 روپے 34 پیسے فی لیٹر پر آگئی ہے جس سے صارفین براہ راست مستفید ہو رہے ہیں اور ایندھن کے اخراجات کا مالی بوجھ کم ہوا ہے۔

اسی طرح اکتوبر میں ڈیزل کی قیمت 329.18 روپے فی لیٹر تھی جو اب کم ہو کر 276.19 روپے فی لیٹر پر آ گئی ہے جس سے صارفین کو 52.99 روپے فی لٹرکا فائدہ ہوا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے صارفین پر پڑنے والے مالی اثرات میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کرنے کی توقع ہے۔

توقع کی جارہی ہے کہ اس کمی کے معیشت کے مختلف شعبوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، جس سے صارفین اور کاروباری اداروں کو یکساں راحت ملے گی۔