سیاسی استحکام سے ہی معیشت اور عوام کے مسائل حل ہوں گے، شہباز شریف

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف سے پارٹی راہنماؤں اور سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔

شہباز شریف سے نون لیگ سندھ کے صدر بشیر میمن نے ملاقات کی۔ خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق بیرسٹر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، عطاء اللہ تارڑ بھی ملاقات میں موجود تھے۔

شہبازشریف نے بشیر میمن کو سندھ کلچر ڈے کی مبارک دی۔ ملاقات میں عام انتخابات کی تیاریوں اور صوبہ سندھ میں تنظیمی امور پر مشاورت ہوئی۔ صوبہ سندھ میں ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں کے ساتھ انتخابی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ایم کیو ایم سے ہونے والی بات چیت کا جائزہ لیا گیا۔

مسلم لیگ نون کے صدر سے شیخ روحیل اصغر، محمد حنیف عباسی، خواجہ سلمان رفیق نے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ سابق رکن قومی اسمبلی چودھری فرخ الطاف، سید باسط بخاری، میاں عمران قریشی کی بھی شہباز شریف سے ملاقات ہوئی۔

پارٹی صدر کو راہنماؤں نے اپنے اپنے حلقوں میں انتخابی تیاریوں سے آگاہ کیا۔ شہباز شریف نے انتخابات کی تیاریوں کے لئے پارٹی راہنماؤں اور کارکنوں کے جذبے اور محنت کو سراہا۔ شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی استحکام سے ہی معیشت اور عوام کے مسائل حل ہوں گے۔

پاکستان اور عوام کی بھلائی، بہتری اور مفاد میں نواز شریف کی قیادت میں سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ عوام کو مہنگائی اور دیگر مسائل سے نجات دلانے کے لئے یہ الیکشن بہت اہم ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے کرم اور عوام کی مدد سے الیکشن جیت کر مہنگائی کو ہرائیں گے۔ ہم الیکشن نہیں عوام اور پاکستان کے معاشی مفادات کی جنگ لڑنے جا رہے ہیں۔

سیاسی انتقام ہار گیا، اب مہنگائی اور معاشی بدحالی کو شکست دینی ہے۔ گالیوں اور کردار کشی کے ہتھکنڈوں میں قوم کا قیمتی وقت اور وسائل برباد کئے گئے۔

مسلم لیگ نون کے صدر نے کہا کہ ہمارے خلاف شروع کئے گئے سیاسی انتقام کا نشانہ عوام اور ملک بن گئے۔ پارٹی راہنماؤں نے قائد نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت پر مبارکباد بھی پیش کی۔