10 سال میں پختونخوا کو کنگال صوبہ بنا دیا، بلین ٹری سونامی کے نام پر کرپشن جاری رہی، مریم

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے 10 سال میں خیبر پختونخوا کو کنگال صوبہ بنا دیا گیا ، بی آر ٹی اور بلین ٹری سونامی کے نام پر صوبے میں بدترین کرپشن جاری رہی۔

لاہور میں چیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز سے خیبر پختو نخوا کے یوتھ کو آرڈینیٹرز نے  ملاقات کی جس میں یونین کونسل کی سطح تک یوتھ کوآرڈینیٹرز کی تقرری پر مشاورت ہوئی۔

ملاقات میں خیبر پختو نخوا میں تنظیمی امور،عام انتخابات کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 10 سال میں 350 ڈیم تو نہ بن سکے ، قوم کو قدم قدم پر ڈیم فول بنایا گیا ۔ ایک اسپتال، ایک کالج، ایک یونیورسٹی نہ بن سکی۔

انہوں نے کہا کہ 10سال میں یہ تبدیلی آئی کہ خیبر پختونخوا کے پاس تنخواہیں، پنشن دینے کے پیسے نہیں رہے۔

مریم نواز نے مزید کہاکہ نامراد تبدیلی پاکستان اور خیبر پختونخوا کو ڈیفالٹ کے کنارے چھوڑ گئی ، پختونخوا کے عوام کو ریاست سے ٹکرانے کی سازش کی گئی ، ن لیگ خیبر پختونخوا کی 10 سال کی محرومیاں دور کرے گی۔