کرم میں کلاس فور کا اساتذہ پرحملہ، علاقے کے تمام سرکاری سکول بند

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

اپر کرم کے علاقے بغکی کے سرکاری سکول میں کلاس فور ملازم کی جانب سے اساتذہ کو زخمی کرنے کے بعد تمام سرکاری کو بند کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق اپر کرم کے علاقے بغکی کے ہائی سکول میں سکول کے مالی مدثر حسین نے تکرار کے بعد ساتھیوں کے ہمراہ سکول کے ٹیچرز پر حملہ کرکے تین ٹیچرز کو زخمی کردیا، تینوں زخمی ٹیچرز مظہر علی ، قمبر علی اور اسحاق علی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا بعد ازاں زخمی ٹیچر اسحاق کو تشویش ناک حالت میں پشاور منتقل کردیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد اقبال بنگش نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو نوکری سے برطرف کردیا جبکہ اساتذہ نے اپر کرم میں تمام سرکاری تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت تک کیلئے بند کردیئے۔

دوسری جانب اساتذہ نے واقعے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے گورنمنٹ اسرار شہید ہائی سکول سے احتجاجی ریلی نکالی اور پریس کلب تک مارچ کیا جہاں احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ہیڈ ماسٹر ایسوسی ایشن کے صدر مرجان علی ، ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر سید زاہد حسین، ایس ایس کے صدر سید میر حسین لوئر کرم کے صدر رفیق اورکزئی اور مجید گل نے کہا کہ اساتذہ پر حملہ بزدلانہ فعل ہے اور کل بھی تمام سرکاری ادارے سوگ کے طور پر بند رہیں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ اساتذہ کے خلاف کوئی اس قسم کے جرم کا ارتکاب نہ کرسکے۔

انہوں نے 13 نومبر کو ہائی سکول پیواڑ کی پانچ سالہ گل سکینہ کو زیادتی کے بعد قتل کے واقعے کی بھی شدید مذمت کی اور اصل ملزموں کی فوری گرفتاری اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔