رواں سال 631 غیر ملکی کوہ پیماؤں نے گلگت بلتستان کا رخ کیا

رواں سال گلگت بلتستان میں 631 غیر ملکی اور 21 ملکی کوہ پیماؤں کو جی بی میں موجود پہاڑوں پر مہم جوئی کیلئے پرمٹس جاری کیے گئے۔

اس کے علاوہ 1336 غیر ملکی ٹریکرز اور 163 ملکی ٹریکرز کو ٹریکنگ پرمٹس جاری کیے گئے۔

محکمہ سیاحت گلگت بلتستان کی جانب سے جاری ہونے والے ایک وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ ان کوہ پیماؤں اور ٹریکرز سے مجموعی طور پر 40 کروڑ 18 لاکھ پاکستانی روپے وصول کئے گئے، جس میں سے بتیس کروڑ گیارہ لاکھ ستاسی ہزار دو سو سینتالیس (321187247) پاکستانی روپے رائلٹی فیس کی مد میں اور آٹھ کروڑ انیس لاکھ باون ہزار سات سو پینسٹھ (81952765) ماحولیاتی فیس کی مد میں سی کے این پیCKNP کے اکاونٹ میں جمع ہوئے ہیں۔

واضح رہے رائیلٹی فیس 1999ء کے مونٹنیرنگ اور ٹریکنگ رول کے مطابق 7 ممبران پر مشتمل ایک گروپ سے اس دن کے ڈالر ریٹ کے مطابق وصول کیے جاتے۔ مزید یہ کہ کے ٹو کی رائلٹی فیس 12000 ڈالر سات ممبران کے گروپ کے لیے اسی دن کے ڈالر کے مساوی ریٹ کے مطابق جمع کی جاتی ہے۔ یوں فی کس فیس 1714 ڈالر ہے۔