سید عاصم منیر کا اسٹرائیک کور کا دورہ، مشترکہ تربیتی مشق کا مشاہدہ

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اسٹرائیک کور کا دورہ کیا اور مشترکہ تربیتی مشق کا مشاہدہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی اسٹرائیک کور آمد پر کمانڈر منگلا کور نے اُن کا استقبال کیا۔

آرمی چیف نے جدید ترین  VT-4  ٹینکوں سے لیس آرمرڈ فارمیشن کی قیادت میں کی گئی مشقوں کا مظاہرہ بھی دیکھا۔

آرمی چیف نے مشق میں حصہ لینے والے جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے جذبے، آپریشنل کارکردگی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے رات کی تاریکی کے دوران آپریشنز میں حاصل ہونے والی مہارت کو بھی سراہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سربراہ پاک فوج نے درپیش چیلنجز کا جواب دینے کیلئے جنگی تیاری اور ذہنی صلاحیت کی اہمیت کو اُجاگر کیا اور تیزی سے بدلتے ہوئے حالات کے پیش نظر مختلف ہتھیاروں کے درمیان ہم آہنگی کے حصول کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ اس مشق کا مقصد جاری آپریشنل تیاریوں کی توثیق کرنا ہے، امن کے وقت میں صرف حقیقت پسندانہ مشن پر مبنی تربیت ہی میدان جنگ میں بہترین کارکردگی کی ضمانت دے سکتی ہے۔