ضلع جنوبی وزیرستان کی وادی کانی گرم کے جنگل میں آگ لگنے سے سینکڑوں درخت جل کر راکھ ہوگئے۔
زرائع کے مطابق تحصیل لدھا کی وادی لوئر کانی گرم کے علاقہ پنگے کے مقام پر جنگل میں ہفتہ کی صبح آگ لگی تھی۔ آگ کے شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے اور کئی کلومیٹر دور واقع کانی گرم سے لوگوں نے جنگل میں لگی ہوئی آگ دیکھی۔
پاک آرمی کانی گرم کے 55 بریگیڈ کانی گرم نے پاک آرمی سام گیارہ ایف کے ساتھ فوری طور پر رابطہ قائم کیا جبکہ مقامی افراد نے ملک کاشف برکی کی سربراہی میں کانی گرم کے برکی قبائل کے نوجوانوں کا ایک گروپ تشکیل دیا۔
انھوں نے لکڑی کے بڑے بڑے ڈنڈے لیکر آگ بجھانے کی کوشش شروع کی اور کئی گھنٹوں کی سخت محنت کے بعد ہفتہ کی شام سے پہلے آگ بجھانے میں کامیاب ہوگئے تاہم اس وقت تک سینکڑوں قیمتی درخت جل کر راکھ ہوچکے تھے۔
اس سلسلے میں جب مقامی عمائدین سے رابطہ قائم کیاگیا تو انھوں نے بتایا کہ آگ لگنے کی فوری طور پروجہ معلوم نہ ہوسکی ۔اس سلسلے میں تحقیقات کررہے ہیں۔