لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کی نماز جنازہ، سیاسی و عسکری قیادت کی شرکت

تیراہ میں شہید ہونیوالے لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کی نماز جنازہ منگل کو چکلالہ گیریژن میں ادا کر دی گئی.

انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا، ان کی نماز جنازہ میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، وزیر دفاع، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی سٹاف اور بڑی تعداد میں سول و فوجی افسران، فوجی جوانوں ،شہریوں اور شہید کے رشتے داروں نے شرکت کی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان کی عمر 42 سال تھی اور وہ ڈی ایچ اے ٹو اسلام آباد میں رہائش پذیر تھے، وہ خیبرپختونخوا کے علاقہ وادی تیراہ میں شہید ہوئے۔

لکی مروت سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ نائیک خوشدل خان، چارسدہ سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ نائیک رفیق خان اور مری سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ لانس نائیک عبدالقادر کی نماز جنازہ بھی ان کے آبائی علاقوں میں ادا کر دی گئی۔ پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کے ہر قیمت پر خاتمہ کیلئے پرعزم ہے۔