لکی مروت میں بم دھماکہ جبکہ ڈی آئی خان میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ

ڈیرہ اسماعیل خان میں کلاچی تھانہ کی حدود میں واقع پولیس چیک پوسٹ روھڑی پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔

پولیس کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے سرشام بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا، حملے میں سپاہی میرسلیم زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق پولیس چوکی کے جوانوں کے جوابی کارروائی میں دہشت گرد فرار ہوگئے۔

دسرے جانب لکی مروت میں تھانہ برگی کے علاقہ اوژاکئی میں دھماکے سے 2 سگے بھائی جاں بحق ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ایک ہی خاندان کے پانچ افراد دھماکے کی زد میں آ گئے جس میں دو بھائی بم دھماکا میں جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق بم دھماکا کھیتوں میں چھپائے گئے آئی ای ڈی کا ہوسکتا ہے، جاں بحق ہونے والوں میں دو بھائی 17 سالہ سعید زمان اور 5 سالہ امان اللہ شامل ہیں۔