مولانا طارق جمیل کے فرزند کی نماز جنازہ آج پڑھائی جائے گی

معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے مرحوم بیٹے عاصم جمیل کی نمازِ جنازہ آج سوموار 30 اکتوبر کو شام ساڑھے سات بجے مولانا طارق جمیل کے آبائی گاؤں رئیس آباد، تلمبہ میں ادا کی جائے گی۔

نماز جنازہ میں شرکت کیلئے ملک بھر سے تبلیغی جماعت کے کارکنوں، مولانا طارق جمیل کے معتقدین اور عام شہریوں کی بڑی تعداد تلمبہ، خانیوال پہنچ رہی ہے۔

قبل ازیں مولانا طارق جمیل کے فرزند کا جسد خاکی میاں چنوں ہسپتال سے ان کے آبائی گھر رئیس آباد منتقل کر دیا گیا۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

عاصم جمیل کے جسد خاکی کی گھر منتقلی کے کچھ دیر بعد مولانا طارق جمیل بھی اپنے آبائی گھر واپس پہنچ گئے تھے۔ انہوں نے مرحوم بیٹے کی تدفین اور جنازہ کے انتظامات کے متعلق فیصلے خود کئے اور تعزیت کیلئے آنیوالے گاؤں کے لوگوں سے ملاقاتیں بھی کیں۔

عاصم جمیل کی نمازِ جنازہ کے وقت کی اطلاع بھی خود مولانا طارق جمیل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹویٹر) پر دی۔

مولانا طارق جمیل نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ میرے مرحوم بیٹے عاصم جمیل کی نمازِ جنازہ آج بروز سوموار 30 اکتوبر، رات ساڑھے سات بجے ہمارے آبائی گاؤں رئیس آباد، تلمبہ میں ادا کی جائے گی۔