جب تک فلسطین کو آزادی نہیں ملتی، پاکستانی عوام ان کیساتھ ہیں، فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے فلسطین کی آزادی میں برابر کے شریک ہونے کا اعلان  کر دیا۔

کوئٹہ میں طوفان الاقصیٰ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا پوری دنیا، مسلمان حکمرانوں کو پیغام دیاکہ ہم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہودی لابی کو واضح کرتا ہوں ہم نے تمہارے ایجنٹ کو شکست دی، تم جنہیں دہشتگرد کہتے ہو ہم انہیں مجاہد کہتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں بچے شہید ہو رہے ہیں، ہزاروں بچے لاوارث ہوچکے ہیں، پورا غزہ ملبے کا ڈھیر بن گیا ہے، کیا دنیا اسرائیل کی جارحیت نہیں دیکھ رہی؟ کیا دنیا کو انسانی حقوق نظر نہیں آ رہے؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے یاد ہے کہ 1967ء میں اسرائیل نے فلسطین پر حملہ کیا، گلی گلی کوچے سے عوام نے فلسطینی عوام کا ساتھ دینے کا عزم کیا تھا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ او آئی سی کا اجلاس بلا کر متفقہ فیصلہ کیا جائے، جب تک فلسطین کو آزادی نہیں ملتی، پاکستانی عوام، ہمارے کارکن ان کے ساتھ ہیں۔