وزیرصحت ہشام انعام اللہ خان کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

ایڈیشنل سیشن جج  پشاور نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں ہنگامہ آرائی کے معاملے پر وزیر صحت ہشام انعام اللہ خان  کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا، عدالت نے ہسپتال ڈائریکٹر اور دیگر ملزمان کیخلاف بھی مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیشن کورٹ میں خیبرٹیچنگ ہسپتال میں ہنگامہ آرائی کے معاملے پر سماعت ہوئی۔

ایڈیشنل سیشن جج نے وزیرصحت سمیت ہسپتال ڈائریکٹر اور دیگر ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرنے کاحکم دیدیا، ایڈیشنل سیشن جج نے 22اے کے تحت درخواست پرفیصلہ جاری کیا۔

واضح رہے کہ مئی کے دوسرے ہفتے میں وزیر صحت کے گارڈز کی جانب سے خیبرٹیچنگ ہسپتال کے ڈاکٹر کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، تھانہ یونیورسٹی ٹاؤن نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کیا تھا۔

ڈاکٹرز اور وزیر صحت کے مابین ہونے والے ناخوش گوار واقعے کے بعد ڈاکٹر کونسل نے صوبہ بھر میں ہڑتال کی کال دی تھی۔

کونسل کا مطالبہ تھا کہ وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان سے فوری طور استعفیٰ لیا جائے اور ان کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر نوشیروان برکی کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے کیونکہ انہوں نے ڈاکٹروں پر تشدد کیا ہے۔