مردان کے بعد نوشہرہ میں پہلی بار خواتین کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر پبی حلیمہ عبید نے تحصیل پبی و ضلع نوشہرہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین کے لئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں ضلعی محکمہ جات کے افسران سمیت دیگر محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر خواتین نے سکولوں میں صفائی / خالہ کی پوسٹ تخلیق کرنے، گیس کا مسئلہ، صحت کی سہولیات اور دوائیوں کی عدم دستیابی، کرائے کے سکولوں کے لئے عمارتیں، دیہات میں صفائی ستھرائی کے مسئلے کے علاوہ دیگر محکموں کے بارے میں شکایات پیش کیں۔

اسسٹنٹ کمشنر پبی نے کہا کہ نوشہرہ کی خواتین کے لئے آج خوشی کا دن ہے کہ ان کے سامنے انتظامیہ کے تمام افسران بیٹھے ہیں اور ان کے مسائل سن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

کچھ مسائل کو موقع پر حل کیا گیا اور بعض مسائل متعلقہ آفسران کو فوری ریفر کر دیے گئے اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر مردان گل بانو نے مردان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین کے لئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا تھا جس میں خواتین نے محکمہ تعلیم، ٹی ایم اے مردان، محکمہ صحت اور دیگر محکموں کے بارے میں شکایات کے انبار لگا دیے تھے۔