پاک بحریہ نے کشتی میں چھپائی گئی 782 کلو منشیات برآمد کرلی

پاک بحریہ اور اینٹی نارکوٹکس فورس نے کھلے سمندر میں مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے کشتی سے 782 کلوگرام منشیات برآمد کرلی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق منشیات ماہی گیر کشتی کے مختلف حصوں میں چھپائی گئی تھی، جسے پاک بحریہ کے جہاز نے برآمد کیا۔

برآمد شدہ منشیات کی مالیت تقریباً 235 ملین امریکی ڈالرز ہے۔

ترجمان کے مطابق ضبط شدہ منشیات مزید قانونی کارروائی کیلئے اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کر دی گئی ہے۔

پاک بحریہ اور اینٹی نارکوٹکس فورس کا کامیاب مشترکہ انسداد منشیات آپریشن ملکی سمندری سرحدوں میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے۔