خیبرپختونخوا میں موبائل ایپ "میرا بچہ الرٹ” کا باضابطہ اجراء

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں گم شدہ بچوں کی بازیابی کیلئے موبائل ایپلیکیشن "میرا بچہ الرٹ” کا باضابطہ اجراء کر دیا ہے، ایپ پہلے سے موجود خیبر پختونخوا سٹیزن پورٹل میں بطور فیچر شامل کی گئی ہے جسے پاکستان سٹیزن پورٹل میں بھی شامل کیا جائے گا۔

ایپلیکیشن میں گم ہونے والے بچوں کے حوالے سے رپورٹ کے اندراج اور تلاش کیلئے والدین اور متعلقہ اداروں کی سہولت اور مدد کیلئے مکمل طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ایپلیکیشن کی تیاری پر پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ خیبرپختونخوا کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس ایپ کی مدد سے نہ صرف گم شدہ بچوں کی بروقت بازیابی میں خاطر خواہ مدد ملے گی بلکہ بچوں کے حوالے سے ناخوشگوار واقعات کی حوصلہ شکنی بھی ممکن ہو گی۔

وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی جانب سے اس حوالے سے جاری بیان کے مطابق ملک میں بچوں سے زیادتی، اغواء اور قتل کے واقعات کی روک تھام کیلئے مذکورہ ایپلیکیشن کی تیاری کی ضرورت پیش آئی، خیبرپختونخوا میں اپلیکشن کی تیاری پر فارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ خیبرپختونخوا کو دی گئی.

بیان کے مطابق صوبے میں اگر کوئی بچہ گم ہو جاتا ہے تو اُ س کی رپورٹ میرا بچہ الرٹ ایپ پر رجسٹرڈ کی جا سکے گی، ایپ میں گم شدہ بچے کی تصویر سمیت دیگر تفصیلات فراہم کرنے کی سہولت بھی موجود ہے، درج کی گئی رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، آر پی او، آئی جی پولیس ، چیف سیکرٹری کو ایس ایم ایس الرٹ بھیجا جائے گا اور ایف آئی آر کا اندراج ہو گا اور کیس کی تفتیش، ٹیموں کی تعیناتی، شواہد کے اُصول اور تفتیش کی تکمیل وغیرہ تمام اُمور سے متعلق تفصیلات ڈی پی او کے ڈیش بورڈ پر ظاہر ہوں گی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ڈیش بورڈ کے ذریعے گم شدہ بچے کی بازیابی اور اس سلسلے میں مجموعی پیشرفت کو مانیٹر کیا جائے گا، یہ ایپلیکیشن صوبائی سطح پر گم شدہ بچوں کے تمام کیسز کی ڈائریکٹری وضع کرنے میں بھی مدد دے گی اور وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری اس اپلیکشن کی نگرانی کر سکیں گے، پبلک ویب پورٹل کے ذریعے تمام پولیس سٹیشنز ایدھی اور دیگر متعلقہ سنٹرز وغیرہ سے رابطہ کیلئے ڈائریکٹری بھی موجود ہو گی اور پولیس کال سنٹرز اور سیف سٹی حکام کے درمیان رابطے کے علاوہ بچوں کے تحفظ کے مراکز تک رسائی کی سہولت میسر ہو گی۔

وزیراعلیٰ نے اس شاندار ایپ کی تشکیل پر پی ایم آر یو کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ گم شدہ بچوں کے مسائل حل کرنے کیلئے یہ اپلیکشن بڑی اہمیت کی حامل ہے، ایپ کے مقاصد حاصل کرنے کیلئے بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔