پشاور میں کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد ہلاک، چھ فرار

کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے صوبہ خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق پشاور کے علاقے ریگی ماڈل ٹاؤن فیز 4 میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر تھانہ ریگی کے علاقے میں آپریشن کیا۔

پولیس اور سی ٹی ڈی کے پہنچنے پر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ان کے 6 ساتھی فرار ہوگئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشت گرد پولیس پر حملہ، ٹارگٹ کلنگ اور تخریب کاری کا منصوبہ بنانے میں مصروف تھے کہ انہیں جا لیا گیا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے ایس ایم جی، ہینڈ گرنیڈ، خنجر، فوجی وردیاں، بیٹری سیل سمیت دیگر چیزیں بھی برآمد ہوئیں۔

ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کی لاشوں کو مزید کارروائی کیلئے ہستپال منتقل کردیا گیا۔