بنوں : فوجی قافلے پر خودکش حملہ، 9 سپاہی شہید، 5 سکیورٹی اہلکار زخمی

ضلع بنوں کے علاقہ جانی خیل میں فوجی قافلے پر خودکش حملہ کے نتیجے میں 9 سپاہی شہید اور 5 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق موٹر سائیکل سوار خودکش حملہ آور نے خود کو فوجی قافلے کے ساتھ ٹکرا دیا۔

شہداء میں نائب صوبیدار صنوبر علی بھی شامل ہیں، سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کا عزم کیا ہوا ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے جوانوں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمہ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

انوار الحق کاکڑ نے افسوسناک سانحہ کے شہداء اور زخمیوں کے خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر قدم اٹھائیں گے۔

صدرِ مملکت کی بنوں میں فوجی قافلے پر خودکش حملے کی مذمت

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بنوں کے علاقے جانی خیل میں فوجی قافلے پر گزشتہ روز ہوئے خودکش حملے کی مذمت کی ہے۔

جاری کیے گئے ایک بیان میں صدرِ مملکت عارف علوی نے اس خود کش حملے میں قیمتی جانی نقصان پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بھی کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کوششیں جاری رہیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے کانوائے پر موٹر سائیکل سوار 2 خودکش بمباروں نے حملہ کر دیا تھا۔

افسوس ناک واقعے میں 9 اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا، جبکہ 17 زخمی ہوئے ہیں۔

دہشتگرد قوم کے دشمن ہیں، آصف زرداری، بلاول بھٹو، فوجیوں کی شہادت پر اظہار افسوس

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بنوں میں فوج کے قافلے پر خودکش حملے کی مذمت کی ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے فوج کے شہید جوانوں کے ورثاء سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کیلئے جانوں کی قربانی دینے والے جوانوں کو قوم کبھی نہیں بھول سکتی۔

نیشنل ایکشن پلان پر عمل کر کے دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو ختم کیا جائے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بنوں میں فوج کے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد قوم اور ملک کے دشمن ہیں.

فوجی جوانوں پر خود کش حملہ کرنے والوں کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو کٹہرے میں لایا جائے، بلاول بھٹو زرداری نے مادر وطن کیلئے شہید ہونے والے جوانوں کو نذرانہ عقیدت بھی پیش کیا ہے۔