ورلڈ اتھیلٹس چیمپئن شپ، سلور میڈل جیتنے والے اتھلیٹ ارشد ندیم واپس وطن پہنچ گئے، شاندار استقبال

ورلڈ اتھیلٹس چیمپئن شپ میں سلور میڈل جیتنے والے اتھلیٹ ارشد ندیم واپس وطن پہنچ گئے۔

ارشد ندیم ترک ایئرلائن کی پرواز 714 کے ذریعے لاہور ایئرپورٹ پہنچے، ایئرپورٹ پر پنجاب سپورٹس بورڈ کے نمائندوں نے اتھلیٹ کا پرتپاک استقبال کیا۔ صدر اتھلیٹک فیڈریشن پاکستان اکرم ساہی بھی ارشد ندیم کے ہمراہ تھے۔

ارشد ندیم کے استقبال کیلئے مداحوں کی بھی بڑی تعداد ایئرپورٹ پر موجود تھی۔ مداحوں نے ارشد ندیم پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر ارشد ندیم کے دوست احباب اور اہل خانہ بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

ارشد ندیم کا سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے ڈھول کی تھاپ پر استقبال کیا گیا۔ سپورٹس بورڈ کے نمائندوں کی جانب سے فلیکس بھی لگائے گئے۔

قومی جیولن تھروور نے ورلڈ اتھلیٹک چمپئین شپ میں سلور میڈل حاصل کیا۔

ایتھلیٹک چمپئین ارشد ندیم نے ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی میڈیا کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے پذیرائی دی، ہمارے کوچز نے شاندار پریکٹس کرائی، ہم نے ورلڈ چیمپئن شپ جیتی، اب پیرس میں ہونیوالی اولمپکس 2024 میں بھی حصہ لوں گا۔

ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہماری ٹریننگ کا گراؤنڈ نہیں، سرپرستی مل جائے تو اچھا کھیل سکتے ہیں۔