فوج اور ایف سی کی قربانیوں سے بلوچستان میں امن قائم ہوا، سرفراز بگٹی

نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کے شہداء کی قربانیوں سے بلوچستان میں امن قائم ہوا ہے۔

یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں ایف سی ہیڈکوارڈرز کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایف سی کے اعلیٰ افسران نے نگران وزیر داخلہ کو سکیورٹی صورتحال، بارڈر مینیجمنٹ اور دیگر أمور پر بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اس موقع پر یادگار شہدا پر بھی حاضری دی اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ان کی قربانیوں سے بلوچستان میں امن قائم ہوا۔

انہوں نے بلوچستان میں قیام امن اور دیگر فلاحی کاموں میں ایف سی بلوچستان کے کردار کو سراہا۔ نگران وزیر داخلہ نے ایف سی کی جانب سے موثر انسداد اسمگلنگ کی کارروائیوں کو بھی سراہا۔