افغانستان کیخلاف میچ کے ہیرو نسیم شاہ نے جیت کس کے نام کی؟

پاکستان نے گزشتہ روز دوسرے ایک روزہ میچ میں افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دی اور گرین شرٹس کی جیت میں نسیم شاہ نے اہم کردار ادا کیا۔

نسیم شاہ نے فضل فاروقی کے آخری اوور میں درکار 11 رنز ایک گیند پہلے بنا کر اپنی ٹیم کو ناصرف دوسرے ون ڈے میں جیت دلوائی بلکہ سیریز میں بھی دو صفر کی فیصلہ کن سبقت حاصل کر لی۔

نسیم شاہ کی اننگز کی خاص بات یہ بھی کہ انہوں نے افغانستان کے خلاف فضل حق فاروقی کے آخری اوور میں 11 رنز کی اننگز اس سے قبل گزشتہ برس ایشیا کپ میں بھی کھیلی تھی اور اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کروایا تھا۔

اس کے علاوہ نسیم شاہ کی جانب سے جیت کی خوشی کا انداز بھی بالکل وہی تھا جو انہوں نے گزشتہ برس ایشیا کپ کے میچ میں جیت کے بعد اپنایا تھا۔

افغانستان کے خلاف میچ کے بعد نسیم شاہ پاکستان میں سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئے اور ہر کسی نے نسیم شاہ کو داد دی۔

نامور بھارتی اسپورٹس صحافی وکرانت گپتا نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں لکھا کہ کسی بھی چیز سے زیادہ ایک کپپکی طاری کرنے والا میچ، اور نسیم شاہ نے ایک بار پھر کر دکھایا۔

نسیم شاہ کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی جس میں انہوں نے اپنی جیت کی خوشی والی تصویر کے ساتھ لکھا شاداب خان یہ آپ کے لیے ہے، یہ میری ٹیم کے لیے اور پاکستانی کرکٹ فینز کے لیے ہے، آپ بہت اچھا کھیلے امام الحق بھائی۔

اس کے علاوہ نسیم شاہ کی جانب سے انسٹا اسٹوری بھی شیئر کی گئی جس میں انہوں نے اپنی متوفی والدہ سے محبت کا اظہار کیا۔

نسیم شاہ کے ٹوئٹ پر شاداب خان نے بھی جواب دیتے ہوئے لکھا ہیش ٹیگ نسیم اسٹار لکھا اور ساتھ دل والے تین ایموجی بھی بنائے۔