پاک امریکا تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر یادگاری سکہ جاری

اسٹیٹ بینک نے پاک امریکا سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر 75 روپے کا یادگاری سکہ جاری کردیا۔ جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں 75 روپے کا یادگاری سکہ جاری کیا گیا۔

پاکستان کے سیکریٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے گیسٹ آ ف آنر کی حیثیت سے پروگرام میں شرکت کی۔

اپنے خیر مقدمی خطاب میں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے تقریب میں شرکت پر سیکرٹری خارجہ اور پاکستان میں امریکا کے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یادگاری سکے کا اجرا دونوں ممالک کے تعلقات کی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔

اسک کا ڈیزائن اس با ت کی افادیت کو اجاگر کرتا ہے کہ کس طرح آزاد اقوام اپنے عوام کی ترقی کے لیے ساتھ مل کر کام کرتی ہیں۔

انہوں نے دونوں اقوام کے درمیان تجارت، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری، فنانس اور ترسیلات زر کے شعبوں میں اہم معاشی تعلقات پر روشنی ڈالی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی خصوصاً، تعلیم  میں افراد کے روابط کو سراہا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان میں فن ٹیک کے شعبے میں ترقی کے امکانات اور اس کی معاونت کے لیے اسٹیٹ بینک کے متعدد اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے امریکہ کی فن ٹیک فرمیں اس ابھرتے ہوئے کاروبار میں سرمایہ کاری کریں گی۔