پاکستان سعودی عرب کے درمیان اہم معاہدے پر دستخط

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایوی ایشن شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، دونوں ملکوں کے درمیان ایئر سروس معاہدے پر دستخط کردیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور صدر سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے ایئر سروس ایگریمنٹ پر دستخط کردیے۔

اس حوالے سے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے درمیان ایئر سروس معاہدے پر دستخط کی تقریب وزارت ہوابازی کے دفتر میں منعقد کی گئی۔

ترجمان وزارت ہوابازی کے مطابق وزیر مذہبی امور انیق احمد، وزیراعظم کے مشیر ہوا بازی فرحت حسین ملک، سعودی وزیر حج، سعودی سفیر معاہدے کی تقریب میں شریک تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایئر سروس معاہدے سے پاکستان اور سعودی عرب کی ہوا بازی کے شعبے کو فروغ ملے گا، معاہدے سے دونوں ملکوں کی تجارت اور معاشی ترقی کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔