نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب، ٹوئٹ کے معاملے پر بھی غور ہو گا

وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی جانب سے نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے۔

نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس آج صبح وزیر اعظم ہاؤس میں ہو گا، نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اجلاس کی صدارت کریں گے۔

اجلاس میں ملکی معاشی اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ صدر مملکت عارف علوی کی ٹوئٹ کے بعد کی صورتحال پر بھی غور ہو گا۔

ڈاکٹر عارف علوی کے بیان کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں، شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے صدر مملکت عارف علوی کے ٹویٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت کے بیان کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ شفاف تحقیقات کے ذریعے دودھ کا دودھ، پانی کا پانی ہونا چاہیئے، تحقیقات سے پتہ چل جائے گا کہ اسٹاف سے غلطی ہوئی یا انہوں نے غلط بیانی کی۔

انہوں نے کہا کہ صدر جس بل کو چیک کرتے ہیں، اس پر دستخط بھی کرتے ہیں، اس میں زبانی کلامی والی کوئی بات نہیں ہوتی۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ صدر صاحب نے اتنے دن کیوں انتظار کیا۔؟ یہ سوالیہ نشان ہے، صدر صاحب کو اس کا جواب دینا چاہیئے۔