کئی سال بعد تربیلا اور منگلا سمیت ملک کے تین بڑے ڈیم مکمل بھر گئے

ارسا کی جانب سے قوم کیلئے بڑی خوشخبری آگئی، کئی سال بعد تربیلا اور منگلا ڈیم پانی سےمکمل طور پر بھر گئے، اس سال ملک میں وافر مقدار میں سستی بجلی میسر ہو سکے گی جبکہ زراعت کیلئے پانی بھی وافر مقدار میں دستیاب ہوگا۔

انڈس رَیور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کا کہنا ہے کہ ملک کے 3 بڑے آبی ذخائر مکمل طور پر پانی سے بھرگئے ہیں، ڈیموں میں پانی کے مجموعی ذخیرے سے متعلق اعداد و شمار بھی جاری کردیے گئے۔

ارسا کے جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق تربیلا، منگلا اور چشمہ کے آبی ذخائر میں پانی کا مجموعی 1 کروڑ 34 لاکھ ایکڑ فٹ ہے۔

ارسا کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 58 لاکھ 9 ہزار ایکڑ فٹ، منگلا ڈیم 73 لاکھ 56 ہزار ایکڑ فٹ جبکہ چشمہ ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 2 لاکھ 78 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔

ارسا کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق تربیلا ڈیم 1550 فٹ کی حدِ سطح تک بھر چکا ہے منگلا ڈیم 1242 فٹ جبکہ چشمہ ڈیم بھی 649 فٹ کی حدِ سطح تک بھر چکا ہے۔