عبادت گاہوں کے تقدس کی پامالی کسی طور قابل قبول نہیں، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین سابق وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی اقلیتی املاک پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جڑانوالا واقعے کے بارے میں سن کہ لرز کر  رہ گئے تھے، عبادت گاہوں کے تقدس کی پامالی کسی طور قابل قبول نہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ اقلیتوں اور ان کی عبادت گاہوں کا تحفظ یقینی بنائے۔

غیر مسلم شہری یکساں انصاف، تحفظ اور حقوق کے حقدار ہیں، شیریں رحمان

پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے بھی جڑانوالا واقعےکی شدید مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ متعدد گرجا گھروں کی توڑ پھوڑ اور نذر آتش کے واقعات خوفناک اور قابل مذمت ہیں، جڑانوالا میں پیدا ہونے والی امن و امان کی صورت حال پر شدید تشویش ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان کے غیر مسلم شہری یکساں انصاف، تحفظ اور حقوق کے حقدار ہیں، کسی کو اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی بے حرمتی کرنے کا استثنیٰ حاصل نہیں ہے، یہ افسوسناک واقعات دنیا میں پورے ملک کے لیے شرمندگی کا باعث بنیں گے۔

مذہب کے نام پر قانون ہاتھ میں لینے کا کسی کو حق نہیں پہنچتا، خواجہ آصف

سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان مذہب یا قومیت کی تفریق کے بغیر سب کا وطن ہے۔ اسلام آباد سے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مذہب کے نام پر قانون کو ہاتھ میں لینے کا کسی کو حق نہیں پہنچتا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ جڑانوالہ کے واقعات نے پوری قوم کو شرمسار کیا ہے۔ مسلم اکثریت پر لازم ہے کہ وہ اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

سابق وفاقی وزیر مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنماء کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ ہمارا دین محبت اور رواداری کی تلقین کرتا ہے۔ ہمارے رویئے ہمارے دین سے مطابقت نہیں رکھتے۔ قانون کا نفاذ بلا تفریق ہونا چاہیئے۔