قبائلی اضلاع میں انفارمیشن دفتر کا قیام

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

ضم ہونے کے بعد قبائلی اضلاع میں پریس کلبوں کو فعال بنانے کیلئے اور قبائلی صحافیوں کو سہولیات اور مراعات فراہم کرنے کیلئے صوبائی حکومت نے کام شروع کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں آج ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن خیبرپختونخواہ غلام حسین غازی، اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو خیبر عمران خان کے ہمراہ ریجنل ڈائریکٹر انفارمیشن کوہاٹ ڈویژن، ریڈیو پروڈیوسر خیبر پختونخواہ نظام الدین، سینئر انجنیئر ریڈیو خیبر پختونخواہ اطہر سوری ، سینئر اسسٹنٹ انفارمیشن خیبر پختونخواہ محمد علی نے خیبر پختونخواہ میں ضم ہونے والے قبائلی ضلع خیبر جمرود کا دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تمام قبائلی اضلاع میں ایف ایم ریڈیو سٹیشنز قائم کئے جائیں گے قبائلی اضلاع کو دیگر اضلاع کے برابر لانے کے لئے صوبائی حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے جبکہ ہر قبائلی ضلع میں انفارمیشن دفتر قائم کیا جائے گا۔

اس دوران جمرود پریس کلب میں صحافیوں کو درپیش مسائل کے ساتھ ساتھ ضلع خیبر جمرود میں ایف ایم ریڈیو سٹیشن انفارمیشن آفس اور جمرود پریس کلب کی توسیع کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن خیبرپختونخواہ غلام حسین غازی و عمران خان نے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ اور وزیر اطلاعات کے ٹیم کے طور پر جمرود کے دورے پر آئے ہیں یہاں پر صحافیوں کو درپیش مسائل و مشکلات کے حل اور پریس کلب کو مزید فعال بنانے کیلئے اقدامات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع خیبر میں ایف ایم خیبر ریڈیو سٹیشن کو فعال کیا جائے گا جبکہ ضم ہونے والے قبائلی اضلاع میں ہر ضلع کے سطح پر انفارمیشن کے دفاتر بھی قائم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے دیگر اضلاع میں ڈویژن کی سطح پر انفارمیشن دفتر ہے مگر حکومت نے ہر قبائلی ضلع میں انفارمیشن دفتر کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جن اضلاع میں پہلے سے ایف ایم ریڈیو سٹیشنز ہیں ان کو فعال بنایا جائے گا اور جہاں پر نہیں ہیں وہاں پر نئے ریڈیو سٹیشنز قائم کئے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن قبائلی اضلاع میں پریس کلب ہیں مگر ان میں کمی بیشی ہے یا چھوٹے ہیں سہولیات کا فقدان ہے وہاں پر ان کو فعال بنایا جائے گا تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی اور جہاں پر پریس کلب نہیں ہے وہاں پر نئے پریس کلب تعمیر کئے جائیں گے۔

اس موقع پر جمرود پریس کلب کے جنرل سیکرٹری عزت گل افریدی، سابق صدر جمرود پریس کلب ساجد علی کوکی خیل، سنئیر صحافی لعل ضمیر شاہ افریدی و دیگر ممبر صحافیوں نے شرکت کی اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔