لینڈ سلائیڈنگ کے بعد مری میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کا فیصلہ

مری میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کرلیا گیا، آپریشن سے قبل ہی مختلف علاقوں میں مظاہروں کے ساتھ سیاحوں سے بدتمیزی بھی کی گئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ کے حکم پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد مری میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن شروع ہونے سے پہلے ہی مختلف علاقوں میں مظاہرے کیے گئے ہیں۔

اس طرح کی خبریں بھی سامنے آرہی ہیں کہ مری کے مختلف علاقوں میں مقامی افراد نے مظاہرہ کی اور اس دوران سیاحوں سے بھی بدتمیزی کی گئی ہے۔

مری میں غیرقانونی اور خطرناک تعمیرات کے باعث جگہ جگہ لینڈ سلائیڈنگ جاری ہے، وزیراعلیٰ کی جانب سے غیرقانونی، خطرناک تعمیرات کے خلاف بلاتفریق آپریشن کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مری میں سیاحوں سے بدتمیزی اور من مانا کرایہ وصول کرنے کی شکایات عام ہیں، وہاں جانے والے سیاحوں کو مقامی افراد کی حرکات کے باعث کئی بار شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔