مظفر آباد میں بھارت مخالف مظاہرے اور احتجاجی ریلیاں

مظفرآباد میں بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کیلئے بھارت مخالف مظاہرے اور احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ بھارت مخالف مظاہرے اور احتجاجی ریلیوں کا اہتمام تحریک شباب المسلمین سٹوڈنٹس ونگ اور پاسبان حریت جموں و کشمیر نے کیا تھا۔

ان ریلیوں اور احتجاجی مظاہروں میں نوجوانوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تحریک شباب المسلمین سٹوڈنٹس ونگ کے چیئرمین ریاض احمد اعوان کی قیادت میں ریلی میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی میں سٹوڈنٹس ونگ کے عہدیداران وائس چیئرمین منیر احمد کونشی، جنرل سیکرٹری زبیر درانی، ڈپٹی جنرل سکریٹری شاہد اقبال اعوان، چیف آرگنائزر فیض اللہ درانی، پریزیڈنٹ یونیورسٹیز و کالجز زبیر شاہ، میڈیا ایڈوائزر ارشد اعوان، ڈپٹی میڈیا ایڈوائزر عاطف میر، سوشل میڈیا ایڈوائزر امتیاز اعوان، جنرل سیکرٹری یونیورسٹیز و کالجز آصف درانی، ڈپٹی چیف آرگنائزر شبیر اعوان، پریزیڈنٹ جہلم ویلی یونٹ آفتاب احمد اعوان، جنرل سیکرٹری جہلم ویلی یونٹ نزاکت قریشی، فلک خان اور راجہ عباس اور چوہدری عاطف و دیگر نے شرکت کی۔

ریلی کے مقررین نے کہا کہ بھارت نے فوجی طاقت کے بل پر اپنے زیرقبضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی سلب کر رکھی ہے۔  انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں اپنی آزادی کا جشن منانے کا بھارت کو کوئی حق حاصل نہیں کیونکہ اسے جموں و کشمیر میں ایک غاصب کی حیثیت حاصل ہے۔

مقررین نے اقوام عالم سے اپیل کی کہ بھارت میں کشمیریوں سمیت تمام اقلیتیں غیر محفوظ ہیں ان کی زندگیوں اور ان کے املاک کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں ہر روز انسانیت کا قتل کیا جا رہا ہے تاہم عالمی برادری اور مہذب اقوام نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

انہوں نے اقوام عالم پر زوردیا کہ وہ اپنا  دوہرا معیار ترک کر کے بھارت جیسے انسانیت سے عاری ملک کو لگام دے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے کا اپنا وعدہ پورا کرے تاکہ کشمیری  اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔ ریلی کے شرکاء نے اس موقع پر آزدی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے بھی بلند کئے۔

ادھر پاسبان حریت جموں و کشمیر کی زیراہتمام بھارت کے نام نہاد یوم آزادی کے موقع پر مظفر آباد میں ایک بڑی عوامی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ختم نبوت چوک پر ریلی میں سیاہ جھنڈے، بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے سینکڑوں شہریوں نے بھارت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔

شرکاء نے ختم نبوت چوک سے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی تک مارچ کیا اور بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ ریلی کی قیادت پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، عثمان علی ہاشم، مشتاق الاسلام، عزیز الرحمان، محمد فیاض خان، صدیق قریشی، فیصل فاروق، غلام مرتضی مغل، محمد اسحاق شاہین، چوہدری شہباز احمد، عظمت حیات کشمیری اور دیگر نے کی۔