افغانستان میں بات چیت کے لیے پاکستانی قیادت کے ساتھ رابطہ ہے، امریکا

امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں بات چیت کے لیے پاکستانی قیادت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ انسدادِ دہشت گردی اور دیگر معاملات پر مشاورت جاری ہے، علاقائی استحکام اور خطرات سے نمٹنے کے لیے پاک امریکا مفادات مشترکہ ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ دہشت گرد گروپوں سے نمٹنے کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں، دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، قانون کی حکمرانی کے تحت شہریوں کی حفاظت یقینی بنانی چاہیے۔

پاکستان میں عبوری وزیراعظم کے عہدہ سنبھالنے پر تبصرہ کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ امریکا عبوری وزیراعظم اور ٹیم کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ عبوری حکومت انتخابات کی تیاری کررہی ہے، باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ شراکت داری جاری رکھیں گے۔

ویدانت پٹیل نے کہا کہ پاکستان میں معاشی استحکام، خوشحالی اور سلامتی چاہتے ہیں، پاکستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات چاہتے ہیں، پاکستان میں جمہوریت اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔